Thursday, April 18, 2024

پٹرول بحران کے ذمہ داروں کا تعین نہ ہوسکا

پٹرول بحران کے ذمہ داروں کا تعین نہ ہوسکا
July 11, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) پٹرول بحران کے ذمہ داروں کا تعین نہ ہوسکا ، انکوائری  کمیٹی تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام رہی ، وزیراعظم کو رپورٹ جمع نہ کراسکی۔ معاون خصوصی قاسم کی سربراہی  میں انکوائری کمیٹی نے  تحقیقات کے لیے مزید  وقت  مانگ لیا۔

شہزاد قاسم کی سربراہی  میں بننے والی انکوائری  کمیٹی تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام ہو گئی ، انکوائری کمیٹی  نے 10 جولائی  تک  تحقیقات مکمل کر کے وزیراعظم کو رپورٹ جمع  کرانی  تھی   لیکن  کمیٹی نے  تحقیقات کے لیے مزید  وقت  مانگ لیا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان نے25 جون کو  پٹرول بحران کی تحقیقات کیلئے شہزاد سید قاسم کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی  بنائی تھی  ،  انکوائری کمیٹی  نے آئل کمپنیوں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی تحقیقات کا جائزہ  لینا تھا ۔

انکوائری کمیٹی نے  تیل بحران میں پٹرولیم ڈویژن کے اقدامات پر بھی رپورٹ  پیش کرنا تھی ۔کمیٹی  نے اوگرا کی جانب سے تیل بحران سےنمٹنے کے لیے کیے اقدامات اور  تیل کی  قیمت میں کمی کے درآمدات پر اثرات کا جائزہ  لینا تھا ۔

قبل ازیں جی آئل ڈاکٹر شفیع آفریدی کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی نے پیٹرول بحران کی انکوائری مکمل  کی تھی ۔ا نکوائری رپورٹ میں 9 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا  تھا ۔

  رپورٹ میں کہا گیا  تھا  کہ 9آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جان بوجھ کرپیٹرول بحران پیدا کیا، اسٹوریج میں پٹرول موجود ہونے کے باوجود یکم جون سے پیٹرول کی سپلائی محدود کی گئی۔ پٹرولیم ڈویژن  نے انکوائری  رپورٹ کی بنیاد پر آئل مارکیٹنگ کمپنیز پر  جرمانے بھی عائد  کیے تھے۔