Wednesday, May 8, 2024

پٹرول بحران نے شہریوں کی زندگی کا پہیہ جام کردیا

پٹرول بحران نے شہریوں کی زندگی کا پہیہ جام کردیا
June 11, 2020

پشاور (92 نیوز) پٹرول بحران  نے شہریوں کی زندگی کا پہیہ جام کردیا ،  گیارہویں روز بھی شہری پٹرول کے لئے خوار ہوتے رہے ،  شہر کے اکا دکا پٹرول پمپوں پر لمبی قطار اور طویل انتظار کے بعد بھی بیشتر شہری پٹرول ختم ہونے پر مایوس لوٹنے لگے، پشاورہائی کورٹ کے طلب کرنے پر وفاقی وزیرپٹرولیم عدالت میں پیش ہوئے، کہا کہ  تین روز میں صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

پشاور میں پٹرول بحران گیارہویں روز میں داخل ہوگیا،، شہر کے بیشتر فلنگ اسٹیشنز پر پٹرول نہ ملنے کے باعث شہری مارے مارے پھرتے رہے ، کسی پٹرول پمپ پر دستیاب ہے تو رش کے باعث طویل انتظار کی زحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کچھ بدقسمت تو طویل انتظار کے بعد پٹرول ختم ہونے پر مایوس لوٹنے لگے۔

پٹرول بحران پر پشاورہائی کورٹ کے طلب کرنے پر وفاقی وزیر عمر ایوب عدالت میں پیش ہوئے، وفاقی وزیرنے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ پٹرول کمپنیاں مافیا بن چکی ہیں، میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہناتھا کہ تین روز میں صورتحال بہتر ہوجائےگی۔

کوئٹہ میں بھی پٹرول  بحران کے باعث  شہر کے 80فیصد پیٹرول پمپس بند  ہیں ، اور جہاں پٹرول مل رہا ہے وہاں گاڑیوں رکشوں اور موٹرسائیکلوں کی لمبی لمبی قطاریں شہریوں کی مشکلات بڑھارہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول  پمپس کی بندش اور خود ساختہ بحران کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ، روزگار بھی  شدید متاثر ہورہا ہے ۔

پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ آج امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پٹرول کی ترسیل شروع کردی جائے گی ،،تاہم پٹرول کی ترسیل نہ ہوئی تو پمپس بند رہیں گے۔