Thursday, May 2, 2024

پٹرول بحران میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، وزیراعظم

پٹرول بحران میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی، وزیراعظم
December 15, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا پٹرول بحران میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔ لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز کو تین سال کیلئے چیئرمین این ڈی ایم اے تعینات کردیا گیا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے، سوئی ناردرن  اور سدرن گیس کمپنیوں کے مستقل ایم ڈیز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ پٹرولیم کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

وفاقی کابینہ نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔ اٹارنی جنرل نے قانونی معاملات پر کابینہ کو بریفنگ دی۔ وزارت خزانہ نے وفاق کی جانب سے صوبوں کو رقوم کی فراہمی اور وسائل پر بریف کیا۔ احساس کفالت پر سروے اور کورونا ریلیف فنڈ پر  بھی بریفنگ دی گئی۔

ایف نائن پارک میں موجود میٹرو پولیٹن کلب کی عمارت کے استعمال پر قائم کمیٹی رپورٹ مؤخر کردی گئی۔ وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے آئیگنائیٹ کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری دیدی گئی۔ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کی تعیناتی بھی کردی گئی۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کا تقرری کردیا گیا۔ ایمپلائز اولڈ ایج بینفیٹس انسٹی ٹیوشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو منظوردی گئی۔ بیرون ملک پاکستان مشنز میں کمیونٹی ویلفئیر اتاشیوں کی تقرری کی منظوری دیدی گئی۔

وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی  ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے پٹرول بحران پر انکوائری رپورٹ کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ شفقت محمود، شیریں مزاری، اسد عمر کمیٹی میں شامل ہیں۔