Friday, May 10, 2024

پٹرول اور آٹا بحران ، وفاقی وزیر پٹرولیم ، سیکرٹری پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا آج طلب

پٹرول اور آٹا بحران ، وفاقی وزیر پٹرولیم ، سیکرٹری پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا آج طلب
June 10, 2020
 پشاور (92 نیوز) پٹرول اور آٹا بحران کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر پٹرولیم ، سیکرٹری پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کو آج طلب کر لیا۔ پشاور ہائیکورٹ میں پٹرول اور آٹا بحران کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ پٹرول بحران ہے لوگوں کو پٹرول نہیں مل رہا کسی کو کوئی پرواہ ہی نہیں۔ اوگرا کے نمائندے نے بتایا کہ ہم نے کمیٹی بنائی ہے جو پمپ پٹرول نہیں دے رہے ان کے خلاف کارروائی ہو گی جس پر جسٹس قیصر رشید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب کسی معاملے کو دبانا ہوتا ہے حکومت اس کے لئے کمیٹی بنا دیتی ہے۔ چیئرمین نیب  ہر معاملے پر نوٹس لیتے ہیں لیکن پٹرول اور آٹا بحران پر خاموش ہیں۔ جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ آٹا بحران کا کیا ہوا؟ سیکرٹری خوراک کا کہنا تھا کہ اس وقت آٹا مل رہا ہے، قلت نہیں ہے لیکن ریٹ زیادہ ہے۔ عدالت نے سیکرٹری فوڈ سے آٹا بحران پر تفصیلی رپورٹ بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لی۔ عدالت نے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا کو بھی حاضر ہونے کا حکم دے دیا۔