Thursday, March 28, 2024

پوپ کی گھر واپسی، ایکواڈور میں آٹھ لاکھ کے مجمع سے خطاب، عیسائی خاندانی اقدار زندہ کریں: پوپ فرانسس

پوپ کی گھر واپسی، ایکواڈور میں آٹھ لاکھ کے مجمع سے خطاب، عیسائی خاندانی اقدار زندہ کریں: پوپ فرانسس
July 7, 2015
ایکواڈور (ویب ڈیسک) پوپ فرانسس لاطینی امریکا کے دورے کے پہلے مرحلے میں ایکواڈور پہنچے ہیں۔ انہوں نے خاندانی اقدار کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پوپ فرانسس کی ایکواڈور کے شہر گوایا کوئل میں آمد کے موقع پر آٹھ لاکھ افراد ان کے استقبال کیلئے موجود تھے جنہوں نے پوپ کا پرتپاک استقبال کیا۔ پوپ کے دورے کو گھر واپسی سے موسوم کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ لاطینی امریکا میں پیدا ہوئے تھے۔ پوپ نے پیروکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہیں خدائے بزرگ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنی چاہئے اور خاندان کا حصہ ہونے کی خوشیوں سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔ پوپ اپنی سادگی کی روایت کے مطابق نقرئی رنگ کی چھوٹی فئیٹ کار میں پہنچے اور پھر ایک کھلی جیپ میں سوار ہو کر مجمع سے خطاب کیا۔ پوپ گم گشتہ راہ عیسائیوں کو مذہب کی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور خاندانی روایات کا فروغ چاہتے ہیں۔ پوپ کا کہنا تھا کہ خاندان بہترین سماجی اثاثہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔ پوپ نے بعدازاں ایک سکول کا دورہ کیا اور اپنے پرانے دوست پادری فرانسسکو کورٹیز سے تین عشرے بعد ملاقات بھی کی۔