Friday, April 19, 2024

پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہونگے، وزیر اعلی سندھ

پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہونگے، وزیر اعلی سندھ
January 9, 2018

کراچی (92 نیوز) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر گذرتے سال صوبے بھر میں پولیو کیسز میں واضع کمی آ رہی ہے۔ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنا ہونگے۔
وزیر اعلی سندھ کی صدارت میں پولیو کے خاتمے کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔
وزیر اعلی سندھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شدید دکھ ہے کہ نومبر دو ہزار سترہ میں ایک پولیو کیس ظاہر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی جائیں کہ کیوں اب تک پولیو کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے مقابلے میں پولیو کیسز میں واضع کمی آئی ہے دوہزار سولہ میں پولیو کے 8 کیسز تھے جبکہ دو ہزار سترہ میں دو پولیو کیسز سامنے آئے۔ صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کے لیے مزید محنت کرنا ہو گی۔
وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ کراچی سمیت دیگرعلاقوں میں 44 ہزار 119 بچے گھروں میں نہ ہونے کی وجہ سے پولیو ویکسین نہیں لے سکے جبکہ 1129 بچوں کے والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کیا۔
وزیر اعلی کو یہ بھی بتایا گیا کہ سہراب گوٹھ میں ماحولیاتی نمونے پازیٹیو رہے۔ مچھر کالونی کے نمونوں میں پولیو وائرس نظر آیا ، اورنگی ٹاون اور بختاور ویلیج میں دسمبر کے نمونوں میں پولیو وائرس پازیٹیو آیا۔