Thursday, April 18, 2024

پولیو کے خاتمہ کیلئے نیشنل اسٹریٹجک ایڈوائزری گروپ تشکیل

پولیو کے خاتمہ کیلئے نیشنل اسٹریٹجک ایڈوائزری گروپ تشکیل
November 24, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے نیشنل اسٹریٹجک ایڈوائزری گروپ قائم کر دیا گیا۔ گروپ کے سربراہ ڈاکٹر ظفر مرزا ہونگے۔ ایڈوائزری گروپ کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوگا۔ ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے وزیراعظم کی مشاورت سے پولیو کے خاتمے کیلئے نیشنل سٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا ہے، پولیو کے کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر وائرس کی روک تھام کیلئے نیشنل سٹرٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا ہے۔ ڈاکٹر ظفرمرزا کہتے ہیں کہ پولیو قومی پروگرام ہے، سیاست سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ ایڈوائزری گروپ کی تشکیل کا یہ فیصلہ حالیہ پولیو کے 91 کیسز منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ گروپ کا پہلا اجلاس 16 دسمبر 2019ء کو شروع ہونیوالی ملک گیر قطرے پلانے کی مہم سے پہلے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گروپ پولیو کیخلاف عملدرآمد، حکمت عملی میں پیش رفت کیلئے مشورے دیگا، تمام صوبوں خصوصاً کے پی کے میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش ہے۔ گروپ سربراہ کا کہنا ہے کہ وزارت صحت تمام طبقات میں پولیو ویکسینز کی ضرورت اہمیت کو اجاگر کرے گی۔ بچے ہمارا مستقبل ہیں ان کو اپاہج ہونے سے بچانا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ انشاءاللہ موثر اقدامات اور مشترکہ کوششیں رنگ لائیں گی۔