Sunday, September 8, 2024

پولیو پر سمجھوتہ نہیں ... سندھ اور بلوچستان میں پولیو کیخلاف مہم جاری

پولیو پر سمجھوتہ نہیں ... سندھ اور بلوچستان میں پولیو کیخلاف مہم  جاری
January 14, 2016
لاہور (92نیوز) سندھ اور بلوچستان میں پولیو کیخلاف مہم چوتھے روزبھی جاری رہی۔ کراچی میں رینجرز کے پچیس سو اہلکار مہم کے دوران سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ کوئٹہ میں دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے پولیو ورکرز نے قومی فریضہ سرانجام دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک سے مہلک اورموذی مرض پولیو کے خاتمے کیلئے سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انسدادپولیو مہم جاری ہے۔ کراچی میں مہم کے چوتھے روزبچوں کے قطرے پلائے گئے۔ انسداد پولیو مہم کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر کراچی کی زیرصدارت اجلاس بھی ہوا جس میں بتایا گیا کہ مہم میں پچانوے فیصد اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں۔ دوسری طرف ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی میں پولیو مہم کےلئے رینجرز کے پچیس سو اہلکار ، ایک سو ستر موبائل اور ایک سو پچیس موٹر سائیکل اسکواڈ بھی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ ا±دھر دہشت گردکوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر حملے کے بعد بھی پولیو مہم کو متاثر نہ کرسکے اور پولیو ورکرز نے بلند حوصلوں کے ساتھ اپنے مشن کو جاری رکھا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جاری انسدادِپولیومہم میں حصہ لینے والے ورکرزنے دہشت گردوں کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ قوم کے سپوتوں کو معذوری سے بچانے کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔