Friday, April 19, 2024

پولیس کی کارروائی اغواء ہونے والے 7بچے بازیاب۔دو ملزمان گرفتار

پولیس کی کارروائی اغواء ہونے والے 7بچے بازیاب۔دو ملزمان گرفتار
March 7, 2015
خیر پور(ویب ڈیسک )سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے حکم پر خیرپور پولیس کی بھاری نفری نے ایس پی ٹھری میرواہ ایٹ خیرپور ساجد کھوکھر کی سربراہی میں لاڑکانہ کی تحصیل باقرانی میں کارروائی کرتے ہوئے 3ماہ قبل خیرپور سے اغواء ہونے والے 7معصوم بچوں کو بازیاب کراکے دو ملزمان سلیم اور وحید بھٹی کو بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ بازیاب ہونے والے بچوں میں 13سالہ شازیہ،8سالہ احسان علی ،10سالہ ندیم علی ،7سالہ نازیہ،3سالہ بینظیر ،6سالہ انصاف علی،1سالہ کائنات شامل ہیں ۔اس سلسلے میں ایس پی خیرپور ساجد کھوکھر نے اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیرپور کے علائقے پریالو کی رہائشی خاتون مسمات خورشید بانو نے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں پٹیشن داخل کرائی تھی کہ ان کے 7بچوں کو اختیار گاڈی نامی شخص نے اغواء کرلیا ہے جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے حکم پرلاڑکانہ کی تحصیل باقرانی میں خیرپور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 7بچوں کو بازیاب کرالیا ہے جبکہ دو ملزمان سلیم اور وحید بھٹی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 2ٹی ٹی پستول ،بھاری مقدار میں گولیاں اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے ۔