Thursday, March 28, 2024

پولیس کریمنل ریکارڈ اور مسکنڈکٹ کا کیس، آئی جی ، ہوم سیکرٹری پیش

پولیس کریمنل ریکارڈ اور مسکنڈکٹ کا کیس، آئی جی ، ہوم سیکرٹری پیش
November 16, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) سندھ پولیس کے افسروں کے کرمنل ریکارڈ اور مس کنڈکٹ کے کیس میں آئی جی اور ہوم سیکرٹری سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیشہو گئے اور رپورٹس جمع کرا دیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 22 افسروں کے خلاف کارروائی کیلئے سمری بھیج دی ہے ۔عدالت نے کارروائی میں امتیازی سلوک پر وضاحت طلب کر لی ۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پولیس افسران کے کریمنل ریکارڈ ، مس کنڈکٹ اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہونے سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی ۔ امتیازی سلوک پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے امتیازی سلوک پر تو پورے محکمے کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے دوران جسٹس گلزار احمد نے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی میں امتیازی سلوک پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جرم ایک سزائیں الگ الگ کیوں دیں ۔ جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اعلیٰ پولیس افسران کے معاملے میں سیاست دان ملوث ہوتے ہیں ۔
مقدمے کی سماعت میں آئی جی سندھ اور ہوم سیکرٹری نے رپورٹس عدالت میں جمع کرادی۔ ہوم سیکریٹری نے بتایا کہ 22 افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے لئے سمری اسٹیبلشمنٹ کو ارسال کردی ہے ۔ جبکہ 35 افسران کے خلاف آئی جی سندھ نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو الگ سے سمری ارسال کردی جن میں سعید احمد شیخ، غلام رسول پنہور، فدا حسین شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مس کنڈکٹ میں ملوث گریڈ16 سے نیچے کے 184 افسران کو سزائیں دے چکے ہیں ۔
عدالت نے سیکرٹری اسٹیبشمنٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔