Friday, April 19, 2024

پولیس کا معاملہ چیلنج ہے ، معاملات کو انتہا پر لے جایا جارہا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ

پولیس کا معاملہ چیلنج ہے ، معاملات کو انتہا پر لے جایا جارہا ہے ، وزیراعلیٰ سندھ
October 22, 2020
 کراچی (92 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا پولیس کا معاملہ چیلنج ہے۔ اب معاملات کو انتہا پر لے کر جایا جارہا ہے۔ ن لیگ رہنما صفدر اعوان کی گرفتاری اور پھر آئی جی سندھ سمیت پولیس آفسران کی چھٹیوں پر جانے کی درخواستیں دینے کے معاملے پر سندھ میں صورتحال اب بھی مکمل طور پر معمول پر نہ آسکی۔ اہم معاملات پر مشاورت کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ نے سی ایم ہاؤس میں پیپلزپارٹی پارلیمانی ارکان کا اجلاس طلب کر لیا۔ اجلاس میں مراد علی شاہ نے گزشتہ تین روز سے جاری صورتحال پر ارکان کو اعتماد میں لیا اور عندیہ دیا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری کے معاملے کی تہہ تک جائیں گے ۔ اراکین رائے دیں کہ وزراء کمیٹی میں کس کس کو شامل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ بولے اب بہت ہو چکا ، زیادتیاں مزید برداشت نہیں۔ پیپلزپارٹی کے پی ڈی ایم اتحاد سے تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری میرے احکامات پر ہونے کے بیانات جاری کیے گئے۔ تین دن بڑی اذیت اور پریشانی میں گذارے۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی ارکان نے آئی جی سندھ کے واقعے پر شدید ردعمل دیا اور  کہا اگر پولیس فورس کے سربراہ کے ساتھ یہ سب ہو سکتا ہے تو صوبہ کیسے چلے گا ۔ تجویز دی کہ 19 اکتوبر کے واقعے پر صوبائی حکومت انتہائی اقدام اٹھائے جبکہ پیپلزپارٹی ارکان نے وزیر اعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ  نے کہا جب سے پی ٹی آئی حکومت وجود میں آئی ہے تب سے کام کرنے نہیں دیا جارہا۔ جان بوجھ کر صوبائی حکومت کو ناکام کرنے کے لیے سازشیں کی جاتی ہیں۔ ہم این ایف سی کے پیسے مانگتے ہیں تو جواب میں کہیں اور سے بلاوے آجاتے ہیں اور برس  بھی وفاق سے 65 ارب روپے کم ملے ۔