Monday, September 16, 2024

پولیس اہلکاروں پر حملہ ریاست کی رٹ کو کھلا چیلنج ہے : بلاول بھٹو

پولیس اہلکاروں پر حملہ ریاست کی رٹ کو کھلا چیلنج ہے : بلاول بھٹو
April 20, 2016
کراچی (92نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پولیو ٹیم کے محافظ پولیس اہلکاروں پر حملے کو ریاست کی رٹ کیلئے کھلا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے اس نیشنل ایکشن پلان کو بھی للکارا ہے جو مخصوص کارروائیوں کی وجہ سے بے سمت ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیو کی محافظ پولیس ٹیم پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف عوام، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف مہم جاری رہے گی۔ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ بلاول بھٹو نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سات پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ ان بہادر جوانوں کے خاندانوں کے ساتھ ہے۔ ادھر پولیو کی سابق سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وحشی درندے پاکستانی قوم کو مفلوج بنانا چاہتے ہیں لیکن ہمارے بہن بھائی ان کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، ہمت نہیں ہاریں گے۔