Thursday, April 25, 2024

لاہور : سکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی !!! مکان میں چھپے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے، 6خودکش جیکٹیں اور بارودی مواد برآمد

لاہور : سکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی !!! مکان میں چھپے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے، 6خودکش جیکٹیں اور بارودی مواد برآمد
June 29, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور کے علاقہ امامیہ کالونی کے قریب پولیس اور حساس اداروں کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے میں چار دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ امامیہ کالونی کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر حساس اداروں اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مزید تین دہشتگردوں کی موجودگی پر اضافی نفری کو طلب کر لیا گیا۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک اہلکار بھی زخمی ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ دو دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے دوران چھے خودکش جیکٹیں، راکٹ لانچر، بیس کلو بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد ایک ماہ سے گھر میں قیام پذیر تھے اور لاہور کی انتہائی اہم عمارتوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔  کارروائی کے بعد حساس اداروں نے خان کالونی اور نواحی بستیوں میں گھر گھر تلاشی بھی لی۔