Thursday, May 9, 2024

پولیس اور ایکسائز سمیت دیگر چیک پوسٹوں پر بھتہ وصولی کا انکشاف

پولیس اور ایکسائز سمیت دیگر چیک پوسٹوں پر بھتہ وصولی کا انکشاف
October 19, 2019
کراچی ( 92 نیوز) ملک بھر میں پولیس اور ایکسائز سمیت دیگر چیک پوسٹوں پر بھتہ وصولی  کا انکشاف ہوا ہے ،صنعتکاروں نے  معاملے سے وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا۔وزیراعظم سیکرٹریٹ نے تاجروں اور صنعتکاروں کی شکایت پر چاروں صوبوں کو ایکشن لینے کا حکم دے دیا۔ سندھ سمیت ملک بھر میں پولیس اور ایکسائز  سمیت دیگر چیک پوسٹوں پر بھتہ وصولی سے متعلق  صنعتکاروں سمیت کاروباری شخصیات نے شکایات  جمع کرائیں تو وزیر اعظم ہاؤس حرکت میں آگیا۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ کے مطابق بھتہ خوری کے خلاف ایکشن نہ لینے پر متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز ، آئی جیز اور  ڈی آئی جیز سمیت دیگر کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہدایات میں کہا گیا کہ نیشنل ہائی وے ، حیدر آباد کراچی موٹر وے ، کراچی تورخم اور کراچی چمن روٹ کی چیک پوسٹوں پر بھتہ وصول کیا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم ہاؤس نے اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے بعد ملک بھر میں قائم چیک پوسٹیں  کم کرنے کی ہدایت  کی ہے ۔ سامان کی چیکنگ اور روٹ سے متعلقہ ایس او پیز پر بھی نظر ثانی کا کہا گیا ہے ۔