Saturday, May 18, 2024

پولیس آپریشن کا ڈراپ سین: پولیس اہلکار ساری رات خالی مکان پر بندوقیں تانے کھڑے رہے، ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب

پولیس آپریشن کا ڈراپ سین: پولیس اہلکار ساری رات خالی مکان پر بندوقیں تانے کھڑے رہے، ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب
May 6, 2015
رحیم یار خان/ گھوٹکی (92نیوز) پولیس اور ڈاکووں کے مابین 30گھنٹے سے جاری رہنے و الے پولیس مقابلے کاڈراپ سین، چھوٹو گینگ کے 15قریبی ساتھی فرار ہو گئے اور اپنے تین زخمی ساتھیوں کو بھی ساتھ لے گئے۔ چوک ماہی میں ہونے والے ڈاکووں اور پولیس کے مابین ہونے والے مقابلے میں ڈاکو پولیس پر سبقت لے گئے، 15ڈاکو پولیس کو 30گھنٹے تک تگنی کا ناچ نچاتے رہے اور رات کی تاریکی میں پولیس کا حصار توڑتے ہوئے اپنے 3زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے کر فرارہونے میں کامیاب ہو گئے اور پولیس ان کے مکان پر صبح ہونے تک فائر کرتی رہی۔ جب جوابی فائرنگ نہ آنے پر پولیس نے آگے پیش قدمی کی تو گھر میں کوئی موجود نہ تھا۔ ڈاکووں کی اینٹی ائیر کرافٹ گنیں، مشین گنیں، کلاشنکوف اور بھاری تعداد میں گولیوں کے خول پولیس کو ملے ہیں۔ پولیس خالی مکان پر قبضہ کر کے اسے اپنی کامیابی کا نام دے رہی ہے۔ ڈی پی او رحیم یارخان کا کہنا ہے کہ ڈاکووں نے قلعہ نما گھر بنایا ہوا تھا جو کہ سٹیٹ اور پولیس کے خلاف بغاوت ہے ،ڈاکووں کے پاس جدید اسلحہ تھا اور ہمارے جوانوں نے بھی ڈاکووں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، ڈاکو رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے اور اپنے زخمی ساتھی کو بھی ساتھ لے گئے۔