Sunday, September 8, 2024

 پولیس 23روز گزرنے کے باوجود اویس شاہ کو بازیاب نہ کراسکی

 پولیس 23روز گزرنے کے باوجود اویس شاہ کو بازیاب نہ کراسکی
July 13, 2016
کراچی(92نیوز)پولیس تئیس روزگزرجانے کے باوجود چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے صاحبزادے اویس شاہ کو بازیاب نہ کراسکی۔ اویس شاہ کی عدم بازیابی پر جمعرات کو فل کورٹ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا  گیا۔ تفصیلات کےمطابق  تین ہفتے سےزائد کا عرصہ گزر گیا ،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے کو اغوا ہوئے۔مگرکوئی پیش رفت نہ ہوسکی ۔ چیف جسٹس کے قریبی ذرائع کے مطابق اویس شاہ کی بازیابی سے متعلق جسٹس سجاد علی شاہ تحقیقاتی اداروں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اس کیس کی بھی روایتی تفیش کررہی ہے، اور کسی بھی پیش رفت سے چیف جسٹس کو آگاہ نہیں کیا جارہا ۔ دوسری جانب  چیف جسٹس کے بیٹے اویس شاہ کے اغوا کے معاملے پرسندھ ہائی کورٹ کا فل کورٹ اجلاس جمعرات کو بلالیا گیا ہے۔ جس میں اویس شاہ کے اغوا سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جائیگا ۔ رجسٹرارسندھ ہائی کورٹ کے مطابق  فیصلہ عدالت عالیہ کے سینئر ججز کے اجلاس میں کیا گیا جج صاحبان نے اویس شاہ کی عدم بازیابی پر تشویش کا اظہار بھی کیا ۔ ادھر سپریم کورٹ رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت جمعہ کو ہوگی جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربینچ سماعت کرے گا ۔ وزارت داخلہ، چیف سیکرٹری سندھ ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اوردیگرکونوٹس جاری کیے جاچکے ۔ عدالت کے روبرو پولیس میں سیاسی مداخلت ، اے کلاس کے تحت ختم کیے گئے مقدمات اور پرول پر رہا ملزموں سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اویس شاہ اغوا کیس میں سابق ایس ایس پی ساؤتھ ڈاکٹر فاروق کے خلاف کارروائی سے متعلق بھی آگاہ کیا جائیگا ۔