Friday, April 19, 2024

پی سی بی گورننگ باڈی کےاجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا، نعمان بٹ

پی سی بی گورننگ باڈی کےاجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا، نعمان بٹ
April 17, 2019

کوئٹہ ( 92 نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے بغاوت کردی ، کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلی پر پی سی بی میں پھوٹ پڑگئی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  گورننگ بورڈ کے ممبر نعمان بٹ کا کہنا تھا پی سی بی گورننگ باڈی کےاجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ڈیپارٹمنٹ اور اور ریجنل کرکٹ ختم نہیں ہونے دیں گے ۔

نعمان بٹ نے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ، ان کا کہنا تھا وزیراعظم کی کفایت شعار پالیسی کے برعکس وسیم خان کو 20لاکھ روپے تنخواہ پر رکھا گیا اور37لاکھ کی گاڑی  بھی دے دی گئی ۔

نعمان بٹ نے چیئرمین پی سی بی  احسان مانی کو مشورے بھی دیے اور کہا کہ  اربوں،کروڑوں کے فنڈز ہوا میں اڑا ئے جا رہے ہیں ،چیئرمین پی سی بی بزرگ ہیں اس عمر میں سچ بولیں۔

قبل ازیں کوئٹہ میں پی سی بی گورننگ بورڈ کا ہنگامہ خیز اجلاس ہوا جس میں ، لاہور ، سیالکوٹ ، کے آر ایل ،کوئٹہ اور فاٹا کے نمائندوں نے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر میں ترمیم  پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو یکسر مسترد کردیا۔

باغی پانچ ارکان  نے واضح کیا کہ ڈیپارٹمنٹ اور ریجنل کرکٹ کیساتھ چھیڑچھاڑ قبول نہیں ، پہلے گراس روٹ لیول پر اقدامات کیے جائیں ۔

باغی ارکان نے  ایم ڈی وسیم خان کی تعیناتی پر انگلیاں اٹھاتے ہوئے تقرری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اجلاس میں قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی تقرری  کالعدم قرار دے دی  گئی ۔

بورڈ آف گورنرز اور پی سی بی حکام میں چھڑنے والی یہ جھڑپیں کیا رُخ اختیار کرتی ہیں اور اس سرد جنگ  پر وزیراعظم کا کیا ایکشن لیتے ہیں آنےو الے چند روز میں سب واضح ہو جائے گا۔