Friday, April 26, 2024

پولنگ کے علاوہ الیکشن کے تمام مراحل مکمل ، نشانات بھی الاٹ کر دیئے گئے

پولنگ کے علاوہ الیکشن کے تمام مراحل مکمل ، نشانات بھی الاٹ کر دیئے گئے
June 30, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان عام انتخابات 2018 کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے ، ملک میں الیکشن 2018 کی پولنگ کے علاوہ باقی تمام مراحل بخوبی و عافیت طے کر لئے گئے ۔ سیاسی جماعتوں اور آزاد الیکشن لڑنے والوں کو انتخابی نشان الاٹ کر دیئے گئے  ، ن لیگ شیر ، پی پی تیر، ایم کیو ایم پاکستان پتنگ  اور پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان مل گیا ، ایم ایم اے کتاب کے  نشان پر انتخابی اکھاڑے میں اترے گی ۔ انتخابی نشانات لینے کا وقت ختم ہو گیا  ، حتمی فہرست بھی جاری کر دی گئی ، پیپلزپارٹی کو تیر جبکہ ن لیگ کو شیر کا نشان الاٹ ہو گیا  ،پی ٹی آئی بلے کے نشان پر دنگل میں اترے گی  اور ایم کیو ایم پاکستان  کی پتنگ اڑے گی یا نہیں فیصلہ 25 جولائی کو جائے گا ۔ پی ایس پی کا انتخابی نشان مچھلی اورگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو انتخابی نشانہ ستارہ الاٹ کر دیا گیا  جبکہ ایم ایم اے کا انتخابی نشان کتاب ہو گا  ۔شیخ رشید کی عوامی مسلم لیگ قلم دوات پر الیکشن مین حصہ لے گی ۔ دوسری طرف  انتخابی نشان جیپ کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے  ، چوہدری نثار علی خان ، زعیم قادری ، حفیظ اللہ دریشک ، دوست محمدکھوسہ ، شیرعلی گورچانی،پیر خواجہ نظام المحمود اور سابق وزیر اعلیٰ سردار دوست کھوسہ جیپ کے نشان پر میدان میں اتریں گے۔ منظور وٹو اور سکندر بوسن کا  انتخابی نشان مٹکا ہے  ، ہمایوں اختر خان کا انتخابی نشان بندوق ہوگا ۔ حلقہ این اے 141 سے پی ٹی آئی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی مسعود شفقت ربیرہ  تانگے کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ اے این کو لالٹین جبکہ ایم ایم اے کو کتاب کا نشان مل گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے  آج شام 4 بجے تک کی مہلت دی گئی جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کر دی گئیں ۔