Saturday, April 27, 2024

پولنگ سٹیشنوں پر بدانتظامیوں کی شکایات‘ جعلی پولیس اہلکار بھی پکڑا گیا

پولنگ سٹیشنوں پر بدانتظامیوں کی شکایات‘ جعلی پولیس اہلکار بھی پکڑا گیا
October 31, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ کئی پولنگ سٹیشنوں پر بدانتظامیوں کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دو صوبوں کے 20 اضلاع میں ووٹ ڈالنے کیلئے لوگوں کا رش ہے۔ کئی پولنگ سٹیشنوں پر ووٹنگ تاخیر سے شروع ہوئی‘ کہیں پولنگ عملہ غائب تھا یا تاخیر سے پہنچا اور کہیں بیلٹ پیپرز ہی موجود نہیں تھے۔ ان بدانتظامیوں کی وجہ سے لوگوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب گھوٹکی کی یو سی مٹھری میں پھول کا انتخابی نشان غائب، فنکشنل لیگ کا بائیکاٹ جبکہ اوکاڑہ سے مشکوک شخص اور فیصل آباد سے جعلی پولیس اہلکار پکڑا گیا۔ قصور میں حسین خان والا پولنگ سٹیشن سے ووٹنگ لسٹیں غائب ہو گئی ہیں۔ لسٹیں نہ ہونے کی وجہ سے ووٹنگ کاعمل روک دیا گیا ہے۔ کاہنہ چونگی یوسی 231 میں ن لیگی امیدوار کا انتخابی نشان شیر کی بجائے ہیرا چھپ گیا جس کی وجہ سے یوسی 231 میں پولنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا۔ فیصل آباد ایڈ کلیم شہید پارک پولنگ سٹیشن پرن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا ہو اہے۔ جھگڑے کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی جبکہ عبداللہ پور وارڈ نمبر 2 پولنگ سٹیشن سے جعلی پولیس اہلکار پکڑا گیا۔ بلدیاتی انتخابات میں روایتی سیاست کے رنگ بھی نظر آ رہے ہیں۔ لاہور کی یو سی ایک سو بیاسی میں خواتین ووٹرز لڑ پڑیں‘ فیصل آباد کے کلیم شہید پارک میں نون لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں لڑائی ہو گئی جبکہ خیر پور میں پی پی اور فنکشنل لیگ کے حامیوں میں جھگڑا ہو گیا۔ جھگڑے کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔ واضح رہے کہ پولنگ کا عمل شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گا۔