Friday, May 3, 2024

پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے ، آرمی چیف

پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے ، آرمی چیف
March 28, 2019

 راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہے،توقعات پر ہمیشہ پورا اتریں گے۔

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبے کی سکیورٹی صورتحال سمیت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور آپریشن ردالفساد پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو خوشحال بلوچستان پروگرام سمیت سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا صوبے میں سلامتی کی بہتر صورتحال سے سماجی اور اقتصادی اعشاریے مزید بہتر ہوں گے۔ آرمی چیف نے کہا بلوچستان، پاکستان کا مستقبل ہے۔ بلوچستان کی حکومت اور عوام کو روشن مستقبل کیلئے بہترین معاونت کی فراہمی ہمارا فرض ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا پاک آرمی نے داخلی سلامتی کو درپیش خطرات کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بَرّی فوج نے سرحدوں پر لاحق چیلنجز کا بھی بہادری سے مقابلہ کیا۔ پوری قوم دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کیساتھ ہے۔

 اس موقع پر آرمی چیف نے انفنٹری و ٹیکٹیکل اسکول کا بھی دورہ کیا اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا پاکستان کے عوام ہماری اصل طاقت ہیں۔ پاکستانی قوم کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتریں گے۔