Monday, September 16, 2024

پنڈورہ پیپرز کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل

پنڈورہ پیپرز کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل
January 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پنڈورہ پیپرز کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئیں، وزیر اعظم جائزہ کمیشن نے مبینہ 700 میں سے 200 سے زائد کی تحقیقات مکمل کر لیں۔

وزیراعظم جائزہ کمیشن تہلکہ مچانے والے پنڈورا پیپرز سے متعلق انکوائری مکمل کرنے کے قریب ہے، کمیشن نے اپنی تحقیقات میں 40 عوامی عہدہ رکھنے والے افسران، بیوروکریٹس اور جرنیلوں کے بیانات بھی قلمبند کرلیے، جن کے نام اس پیپرز میں شامل ہیں۔ اکثریت نے اپنے جوابات میں ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات کو مسترد کر دیا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پنڈورہ پیپرز کی تحقیقات کے آخری مرحلے میں ہونے کی تصدیق کردی۔

انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس کی جانب 700 پاکستانیوں کے نام ظاہر کیے گئے، تاہم آئی سی آئی جے نے کمیشن کو 240 پاکستانیوں کے نام ارسال کیے تھے۔جن کی چھان بین کی جارہی ہے۔

کمیشن 240 افراد کے خلاف انکوائری رواں ماہ کے آخر تک مقررہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل مکمل کرلے گا۔

 تمام 240 افراد کو اس وقت تک منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث نہیں پایا جائے گا جب تک انہوں نے بیرون ملک کمپنیاں اور اثاثے بنانے کیلئے منی لانڈرنگ اور ٹیکس سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی نہ کی ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 240 میں سے 30 سے 35 افراد کا اب تک سراغ نہیں مل سکا۔