Sunday, September 8, 2024

پنچایت کا ایک اور فیصلہ، 9 سالہ بچی کو ونی کر دیا

پنچایت کا ایک اور فیصلہ، 9 سالہ بچی کو ونی کر دیا
August 20, 2017

مظفرگڑھ (92 نیوز) مظفرگڑھ میں پسند کی شادی کرنے کی سزا، لڑکے کی 9 سالہ بھانجی کو لڑکی کے بھائی سے ونی کرنے کا پنچائیت کا فیصلہ۔

پنچائیت کا حکم نہ ماننے پر غریب خاندان کو فوری علاقہ بدر کرنے کا بھی حکم، فیصلہ نہ ماننے پر درجنوں پنچائیتی متاثرہ خاندان کی دوکان اور گھر کو تالے لگانے پہنچ گئے۔ پولیس مقدمہ درج کرکے خاموش، کسی بھی ملزم کو گرفتار نہ کیا۔

جنوبی پنجاب میں پنچائیت کے حکم پر ظلم و بربریت کا ایک اور فیصلہ منظر عام پر آگیا ہے۔ مظفرگڑھ کے علاقے شاہ جمال میں پسند کی شادی کرنیوالے والے لڑکے کے بہنوئی کو 9 سالہ بیٹی ونی کرنے کا پنچائیتی حکم سنایا گیا اور پنچائیت کا حکم نہ ماننے پر غریب چائے فروش کے خاندان کو فوری علاقہ بدر کرنے کا حکم بھی سنا دیا گیا۔

جب غریب چائے فروش نے پنچائیت کا حکم ماننے سے انکار کیا تو پنچائیت کے درجنوں افراد نے چائے فروش کے ہوٹل پر دھاوا بول کر تالے لگانا شروع کردیئے۔

علاقہ کے بااثر سرپنچ ملک شفیع نے پنچائیت کے فیصلہ پر غریب چائے فروش غلام شبیر کے گھر کو بھی تالے لگانے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے اہلخانہ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ تھانہ شاہ جمال پولیس پنچائیت کے بااثر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے خاموش ہوگئی ہے۔

ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے کوئی کاروائی نہ کی۔ جبکہ سرپنچ سمیت 51 افراد کے خلاف درج کیے جانیوالے مقدمہ میں سے پولیس نے تاحال کسی ایک کو بھی ملزم کو گرفتار نہ کیا گیا ہے۔