Saturday, April 27, 2024

پندرہ کلوگرام ہیروئن برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور

پندرہ کلوگرام ہیروئن برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور
December 24, 2019
 لاہور (92 نیوز) پندرہ کلو گرام ہیروئن برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے دس دس لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس چودھری مشتاق احمد نے فیصلہ سنایا۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ ایک سیاسی لیڈر اور ایم این اے ہیں، انہیں حکومت پر تنقید کی وجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ رانا ثنا اللہ کو خاموش کروانے کے لیے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، رانا ثنا اللہ نے گرفتاری سے پہلے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ اے این ایف  کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ساری کارروائی قانون کے کے دائرے میں رہ کر کی گئی، تمام شواہد بھی اکٹھے کئے گئے۔ عدالت رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت مسترد کرے۔ میڈیا سے بات چیت میں رانا ثنااللہ کے وکیل زاہد بخاری نے کہا کہ انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔ رانا ثنا اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثنااللہ نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہی تھی کہ رانا ثناء اللہ بے گناہ ہیں،عدالتی فیصلہ ہمارے مؤقف کی تائید ہے۔ فیصلہ آنے کے بعد رانا ثنااللہ کے داماد رانا شہریار نے سجدہ شکر ادا کیا۔ رانا ثنااللہ کی رہائی کے فیصلے پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے کمرہ عدالت کے باہر نعرہ بازی کی۔ دوسری طرف شہباز شریف کا کہنا تھا آج ایک اور بے گناہ کو انصاف ملا۔ رانا ثنا اللہ کی ضمانت ثبوت ہے کہ ان پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔ نااہل اور نالائق لوگ سیاسی انتقام کیلئے اداروں کو استعمال کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد، سلمان، فواد اور احد چیمہ، یوسف عباس اور حمزہ شہباز کو بھی انصاف ملے۔