Saturday, May 11, 2024

پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ الٹ گئی ، 14 مسافر جاں بحق

پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ الٹ گئی ، 14 مسافر جاں بحق
February 2, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے علاقے اوتھل میں پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 14 مسافر جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔

بلوچستان سے سندھ جانے والی قومی شاہراہ پر ایک اور خوفناک حادثہ پیش آیا۔ پنجگور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث آر سی ڈی شاہراہ پر الٹ گئی جس کے نیتجے میں 5 خواتین اور 2 بچوں سمیت 14 مسافر جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 مسافر زخمی ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر ہیوی مشینری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال اوتھل منتقل کیا گیا جہاں 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق مسافر کوچ میں زیادہ تر مسافروں کا تعلق خضدار اور پنجگور سمیت اندرون بلوچستان کے علاقوں سے تھا۔ پاکستان کوسٹ گارڈ ،لیویز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا جبکہ زخمی مسافروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے بھی احکامات جاری کئے۔