Tuesday, April 16, 2024

پنجاب،سندھ ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی

پنجاب،سندھ ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی
May 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  پنجاب،سندھ،بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ٹڈی دل کےحملوں نے تباہی مچا دی ۔ ٹبہ سلتان پور ، نواب شاہ ، دودو ، شاہ پور چاکر، مٹیاری میں فصلیں اجاڑ دیں ۔

قلات،مستونگ ،جعفرآباد میں بھی فصلوں کے دشمن کے وار جاری ہیں ، اب تک  لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا جا چکا ہے ۔ادھر اپنی محنت اجڑتے دیکھ کر کاشت کار پریشانی کاشکار ہوگئے ہیں ۔

سندھ

سندھ میں ٹڈی دَل کی یلغار اور حملے جاری  ہیں ، لاکھوں ایکڑ پر فصلوں کا صفایا کردیا  ، کاشتکار روایتی انداز میں ڈھول اور برتن بجاکر ٹڈی دَل کو بھگانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔

دادو میں فصل دشمن ٹڈی دَل نے تباہی مچادی  ، خیرپور ناتھن شاہ، میہڑ اور جوہی میں حملوں سے توری، بھنڈی، کریلے اور مرچ اور دیگر سبزیوں کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔

شاہ پورچاکر میں بھی محکمہ زراعت غائب رہا اور ٹڈی دل کی یلغار نے فصلوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا  ، ایک کساننے ٹڈی دَل کو بھگانے کیلئے آگ جلانا مہنگا پڑگیا اور آگ سے اپنا ہی گھر جلا بیٹھا ۔

سانگھڑ کی 6 تحصیلوں میں ٹڈی دل نے لاکھوں ایکڑ پر کپاس کی فصل کا صفایا کردیا  جبکہ جانوروں کا چارہ بھی چَٹ کردیا  ، گھوٹکی میں بھی ٹڈی دل کی تباہ کاریاں جاری ہیں  اور گنے، ٹماٹر، کپاس سمیت دیگر فصلوں کو نقصان پہنچایا ۔

مٹیاری، ہالہ، بھٹ شاہ میں بھی ٹڈیوں نے کپاس، پیاز، کیلا، گنا اور سبزیوں کی فصلوں کا صفایا کردیا  ، نوابشاہ اور میرپور خاص میں بھی ٹڈی دَل نے تباہی مچارکھی ہے  اور کپاس، گنا، جوار، سرخ مرچ، خریف اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچایا ۔

بلوچستان

بلوچستان کے 23اضلاع میں ٹڈی دل کی یلغار جاری ہے  لاکھوں ایکٹرز پر محیط فصلوں کو شدید نقصان پہنچا  ۔ زیارت ،کچھی ،کوہلو،رخشان ڈویڑن ،ڑوب ڈویڑن،نصیر آباد ڈویڑن اور سبی ڈویڑن میں تو ٹڈی دل سے سیب ،چیری ،خربانی ،گندم سمیت دیگر فصلوں کو شدیدنقصان پہنچا ۔

صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی نے 92 نیوزسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج،این ڈی ایم اے اور بلوچستان حکومت ملکر ٹڈی ڈل کے افزائش روکنے سمیت اسپرے آپریشن میں مصروف عمل ہے چائنہ سے بھی بوم اسپرے حاصل کرلیا ہے ۔

زمرک خان اچکزئی کا مزید کہناتھاکہ پنجاب اور سندھ حکومت ٹڈی دل کی روک تھا م کے لئے بلوچستان حکومت کا ساتھ دے تاکہ بلوچستان میں ہی ٹڈی دل کو روک کر ہی دیگر صوبوں کو نقصان سے بچایا جاسکے ۔

راجن پور میں ٹڈی دل کا ایک بار پھر فصلات پر شدید حملہ ہوا ہے ، جام پور روجھان سمیت تینوں تحصیلیں  ٹڈی دل سے متاثر جنتر مکئی جوار کپاس گنا اور سبزیاں شدید متاثر ہوئی ہیں ،   ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف اقدامات مگر ٹڈی دل اب بھی بڑی تعداد میں موجود ہے ۔