Thursday, March 28, 2024

پنجاب یونیورسٹی : بی اے‘ بی ایس سی نتائج کا اعلان‘ 63 فیصد طلباءفیل

پنجاب یونیورسٹی : بی اے‘ بی ایس سی نتائج کا اعلان‘ 63 فیصد طلباءفیل
August 29, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب یونیورسٹی نے بی اے‘ بی ایس سی دوہزار سولہ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ مایوس کن کارکردگی دکھاتے ہوئے تریسٹھ فیصد طلبہ فیل ہو گئے۔ طالبات نے کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کی روایت برقرار رکھی اور ایک بار پھر پہلی تینوں پوزیشنیں اپنے نام کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے بی اے اور بی ایس سی کے سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ اٹھارہ ہزار انتیس طلباءو طالبات نے شرکت کی۔ کامیابی کا تناسب صرف سینتیس اعشاریہ چھیاسٹھ فیصد رہا جبکہ تریسٹھ اعشاریہ چوبیس فیصد طلبہ ناکام ہو گئے۔ سالانہ امتحانات میں طالبات ایک بار پھر بازی لے گئیں اور پہلی تینوں پوزیشنیں اپنے نام کر لیں۔ بی ایس سی کی طالبہ ہما خالد نے سات سو دو نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ زارا ناصر چھے سو ننانوے کے ساتھ دوسرے اور مریم صبا چھے سو ستانوے نمبر حاصل کرکے تیسرے نمبر پر رہیں۔ بی اے میں منصور علی نے چھے سو پینسٹھ نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فریال شہباز چھے سو ساٹھ نمبر لے کر دوسرے اور عتیقہ بشیر چھے سو پچپن نمبرلے کر تیسرے نمبر پر رہیں۔ بی اے کے نتائج کے مطابق ساٹھ فیصد طالبات پاس ہوئیں جبکہ طلبہ کی کامیابی کا تناسب پینتیس فیصد رہا۔ بی ایس سی کا امتحان دینے والے تیس ہزار تین سو پینتیس میں سے صرف چھے ہزار آٹھ سو طلبہ پاس ہو سکے جبکہ انسٹھ ہزار آٹھ سو بہتر طالبات میں سے بائیس ہزار آٹھ سو تینتالیس کامیاب ہوئیں۔ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب کل پنجاب یونیورسٹی میں ہو گی۔