Friday, April 19, 2024

پنجاب گیمز میں شرکت کیلئے آئے کھلاڑی اسپورٹس بورڈ پر برہم

پنجاب گیمز میں شرکت کیلئے آئے کھلاڑی اسپورٹس بورڈ پر برہم
April 4, 2019

 لاہور (92 نیوز) پنجاب گیمز میں شرکت کیلئے آئے کھلاڑی اسپورٹس بورڈ پر برہم دکھائی دیئے۔ نہ معیاری کھانا ملا اور نہ ہی ٹریک سوٹ ملے۔

 صوبہ بھر کے نو ڈویژنز سے آئے کھلاڑی بنیادی سہولیات فراہم نہ کئے جانے پرپھٹ پڑے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ رہائش کا صحیح بندوبست ہے نہ ٹریک سوٹ دیئے گئے۔ گھر سے جو پیسے لائے تھے ختم ہو گئے، ڈیلی الاؤنس کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا، تین دن میں سے صرف ایک دن کا خرچہ دیا گیا۔

 ترجمان اسپورٹس بورڈ پنجاب نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہوسٹل اور اسٹیڈیم کے ہال میں ٹھہرایا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کو رہائش اور کھانے کے علاوہ ڈیلی الاٶنس بھی دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیموں کو ٹریولنگ الاؤنس بھی دئیے جائیں گے۔

 آٹھ سال بعد منعقدہ بہترویں پنجاب گیمز کے تحت نو ڈویژنز سے آئے تین ہزار سے زائد کھلاڑی مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ تین اپریل سے شروع ہونے والی پنجاب گیمز چھ اپریل تک جاری رہیں گی۔