Friday, April 26, 2024

پنجاب گندم خریداری کا ہدف پورا نہ کرسکا، سندھ اور کےپی نے خریدی ہی نہیں، فخر امام

پنجاب گندم خریداری کا ہدف پورا نہ کرسکا، سندھ اور کےپی نے خریدی ہی نہیں، فخر امام
October 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر سید فخر امام کا کہنا ہے پنجاب گندم خریداری کا ہدف پورا نہیں کرسکا، سندھ اور کےپی نے گندم کی خریداری نہیں کی۔ وزیر تحفظ خوراک فخر امام نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ملک میں 50 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ آئندہ سال جنوری تک مزید 17 لاکھ میٹرک ٹن گندم آ جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ سات لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرے گا، جبکہ ہماری مجموعی ضرورت تقریباً 60 لاکھ ٹن ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں جب بھی گیپ آتا ہے تو ایک طبقہ فائدہ اٹھاتا ہے۔ آٹے اور چینی کی قیمت نہیں بڑھنی چاہئے تھی، حکومت گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کرے گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات کرے گی۔ وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر بولے کابینہ کو بتایا گیا وافر چینی موجود ہے، ایکسپورٹ کی اجازت ملنے پر شارٹیج پیدا ہوگئی۔ پاکستان ٹریڈنگ کارپوریشن نے ایک لاکھ پچاس ہزار ٹن چینی درآمد کی ہے جو رعایتی قیمتوں پر جاری کی جائے گی جبکہ چینی کی اتنی ہی مقدار نجی شعبہ بھی درآمد کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وقت پر کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے والی شوگر ملز پر 50 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ صوبوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اگلے مہینے کی 10 تاریخ سے گنے کی کرشنگ کا آغاز لازمی بنانے کیلئے قانون سازی کر لیں۔