Saturday, April 27, 2024

پنجاب کے کئی شہروں میں گیس کا بحران‘ لاہور میں شہری سڑکوں پر نکل آئے

پنجاب کے کئی شہروں میں گیس کا بحران‘ لاہور میں شہری سڑکوں پر نکل آئے
December 20, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب میں راولپنڈی‘ ملتان‘ لاہور سمیت کئی شہروں میں موسم سرما میں گیس لوڈشیڈنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں لیاقت آباد‘ سمن آباد‘ ہربنس پورہ سمیت دیگر کئی علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ جوں جوں سردی بڑھتی جارہی ہے۔ گیس کی قلت ہوتی جارہی ہے۔ چھٹی کے روز گھروں میں گیس نہ آنے پر چولہے تو ٹھنڈے ہو گئے لیکن لاہوریوں کا مزاج گرم ہو گیا۔ پھر کیا تھا شہر کے مختلف علاقوں کے گھریلو صارفین سڑکوں پر نکل آئے اور گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کہا ابھی سے گیس لوڈشیڈنگ کا یہ عالم ہے شدید سردی میں نہ جانے کیا ہو گا۔ گیس ملتی نہیں بل ہیں کہ پہلے سے تین گنا زائد آرہے ہیں۔ لیاقت آباد کے رہائشی گیس لوڈشیڈنگ سے کچھ زیادہ ہی تنگ ہیں کہتے ہیں پچھلے تین سال سے اذیت کا شکار ہیں۔ چولہا جلتا نہیں‘ بچے بھوکے سکول جانے پر مجبور ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ورنہ احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہوں گے۔