Friday, April 19, 2024

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند سے ہر شے دھندلا گئی

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند سے ہر شے دھندلا گئی
December 23, 2020

لاہور (92 نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے۔ میدانی علاقوں میں دھند سے ہر شے دھندلا گئی۔

ملک کے بالائی علاقوں میں کہیں بارش اور کہیں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے سے سردی کی لہر بدستور برقرار ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں شدید دھند کے باعث سورج کا بھی دیدار کرانے سے انکار ہو گیا۔ گوپس کا درجہ حرارت منفی 10 ریکارڈ ، استور اور کالام میں پارہ منفی 7 جب کہ پارا چنار ، سکردو اور بگروٹ میں بھی درجہ حرارت منفی 6 رہا۔ لاہورمیں درجہ حرارت 6، کراچی 10 جب کہ اسلام آباد میں 3 سینٹی گریڈ رہا۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج رہا۔ قومی شاہراہ پر کسوال، خانیوال، میاں چنوں ،لودھراں اور بہاولپور میں حد نگاہ 100 میٹر سے بھی کم رہی جس سے لوگوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا رہا۔

موسمیاتی ماہرین نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ کشمیر، گلگت اور خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید سردی کا امکان ہے جب کہ پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کی توقع ہے۔