Friday, April 19, 2024

پنجاب کے میدانی علاقوں میں بدستور دھند کا سلسلہ جاری

پنجاب کے میدانی علاقوں میں بدستور دھند کا سلسلہ جاری
January 1, 2019
لاہور( 92 نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کاسلسلہ بدستور جاری ہے،جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ دھند کے باعث کئی علاقوں میں نئے سال کے پہلے روز طلوع آفتاب کے نظارے سے محروم رہے،محکمہ موسمیات نے  ملک بھر میں مزید سردی کی نوید بھی سنا دی ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرہ جما رکھا ہے ،کئی علاقوں میں حد نگاہ انتہائی کم رہی ۔ ملتان،رینالہ خورد اور یزمان منڈی سمیت چولستان کے میدانی علاقوں میں بھی ہر سو دھند ہی دھند رہی۔ دھند نے  گاڑیوں کی بھی بریکیں لگوا دیں،موٹروے پولیس لاہور،مانگا منڈی،پتوکی،اوکاڑہ،ساہیوال اور چیچہ وطنی میں دھند کے باعث قومی شاہراہ اور موٹروے پر سفر کرنے والوں کو خبردار کردیا۔شہریوں کو فوگ لائٹس کے استعمال اور غیرضروری سفر سے گریز کا مشورہ بھی دیا گیا۔ موسمیاتی پنڈتوں نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ،ژوب،کوہاٹ،مالاکنڈ،ہزارہ ڈیژن،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف کی پیش گوئی کردی۔ مردان،بنوں،ڈی آئی خان،سرگودھا،گوجرانوالہ،لاہور اور راولپنڈی ڈویژن میں بھی رم جھم کا امکان ہے جب کہ دیگرعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اسکردو سرد ترین مقام رہا جہاں پارہ منفی دس سینٹی گریڈ تک گر گیا ۔ گوپس منفی نو،استور منفی چھ ،کالام منفی چار ،گلگت منفی تین  ،مالم جبہ ،پارہ چنار،ہنزہ ،چترال اور راولاکوٹ میں درجہ حرارت منفی دو سینٹی گریڈ رہا۔ مری ،قلات،ژوب،گڑھی ڈوپٹہ،اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔