Friday, May 17, 2024

پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کا راج

پنجاب کے مختلف علاقوں میں  گرد آلود ہواؤں کا راج
June 20, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شام ڈھلتے ہی گرد آلود ہواؤں کا راج شروع ہو گیا۔

لاہور میں گرد آلود ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں واضح کمی ہو گئی۔ ٹھوکر نیازبیگ، رائیونڈ روڈ، گلبرگ، موہلنوال اور دیگر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ آندھی کے ساتھ ہی لیسکو ریجن کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

چیچہ وطنی اور گردونواح میں تیز ہوائیں مٹی کے طوفان کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کالے گھٹاؤں کے ساتھ بادل  بھی برسے جبکہ اکثر مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی جس نے ہوا میں خنکی پیدا کر دی۔ سانگلاہل میں بھی آندھی کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ ساہیوال میں آندھی سے شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا ننکانہ صاحب اور گردونواح  میں بھی گرد آلود طوفانی ہوائیں چلیں۔

علی پورچٹھہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ آسمان پر کالے بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ پھول نگر اور دیگر علاقوں میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔