Thursday, March 28, 2024

پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی

پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی
May 16, 2020
مظفرگڑھ (92 نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں فصلوں کے دشمن ٹڈی دل نے حملے کردئیے، خانیوال، مظفرگڑھ، علی پور میں ٹڈی دل نے تباہی مچادی۔ فصلوں اور باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ ٹڈی دل کے جھنڈ کبیروالا شہر میں بھی داخل ہوگئے، جھنگ کے علاقے احمد پور سیال اور شورکوٹ میں بھی ٹڈی دل نے حملہ کردیا اور فصلوں کو چٹ کرنا شروع کردیا۔ ادھر جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں تباہی مچانے کے بعد ٹڈی دل نے ضلع مظفرگڑھ کی چاروں تحصیلوں مظفرگڑھ، کوٹ ادو، جتوئی اور علی پور میں بھی تباہی مچادی ہے۔ ٹڈی دل کے حملہ کی وجہ سے کسانوں کی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے جبکہ کسان اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دل کو بھگانے کے لیے کھیتوں میں ڈھول بجانے لگے ہیں۔ چوک سرور شہید، کوٹ ادو، سنانواں، سلطان کالونی، محمود کوٹ، بصیرہ، مونڈکا، شاہ جمال، روہیلانوالی، خانگڑھ، کے مختلف علاقے ٹڈی دلکے حملے کی زد میں  ہیں۔ ٹڈی دل کے حملہ کے باعث ضلع مظفرگڑھ کی ہزاروں ایکڑ پر کاشت کی جانیوالی کپاس، جوار سمیت مختلف فصلوں اور آم کے باغات کو شدید نقصان ہورہا ہے۔ محکمہ زراعت صرف کاغذی کاروائیوں اور دعوئوں تک محدود ہے جس پر کاشتکاروں نے حکومت سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔