Thursday, March 28, 2024

پنجاب کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ

پنجاب کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ
November 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ ہو گیا۔ لاہور آج پاکستان کا چوتھا بڑا آلودہ شہر ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور ملک کا چوتھا آلودہ ترین شہر بن گیا جہاں مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 367 تک جا پہنچا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نجی اداروں میں اسٹاف کی حاضری پچاس فیصد کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 50 فیصد اسٹاف گھروں سے کام کرے گا۔ عدالت نے حکم دیا کہ حکومت سرکاری اداروں میں بھی حاضری پچاس  فیصد کرنے پر غور کرے۔

اس دوران چیئرمین جوڈیشل ماحولیاتی کمشن نے 400 اے کیو آئی تک کے علاقوں میں اسکول بند کرنے کی تجویز دے دی۔ کمیشن نے اپنی رپورٹ سفارش کی کہ جن صنعتی علاقوں میں ائیر کوالٹی انڈکس 500 تک ہے وہاں صنعتی یونٹس بند کیے جائیں۔ لاہور میں اینٹوں کے بھٹوں کی چمنیاں دھوئیں کے بادل چھوڑ رہی ہیں۔ فیکٹریوں کا آلودہ دھواں ماحول کو آلودہ کرنے میں حصہ ڈال رہا ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔

صوبائی دارالحکومت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد اسموگ اسکواڈ نے دو روز میں فضائی آلودگی کا باعث بننے والے پلانٹس کو سیل کر دیا گیا۔ فضائی آلودگی پھیلانے پر بانوے مقدمات درج کرکے سڑسٹھ ملزمان گرفتارکر لیے گئے۔