Wednesday, May 8, 2024

پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند سے ہر شے دھندلا گئی

پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند سے ہر شے دھندلا گئی
December 18, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند سے ہر شے دھندلا گئی۔ لاہور سے سیالکوٹ موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

ملک بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں سے نظام زندگی منجمد ہو گیا۔ سائبیریا سے آنے والی سرد ہواؤں نے شہریوں کی بس کرا دی۔ لاہور اور اسلام آباد میں جاڑے نے رنگ جما لیا۔ موٹر وے پر حد نگاہ 50 میٹر سے کم رہ گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کا امکان ہے۔ خطۂ پو ٹھوہار سمیت پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ سکھر اور لاڑکانہ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان مٰیں شدید سرد رہے گا۔