Friday, April 26, 2024

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے رنگ جما دیا،لاہور میں موسلا دھار بارش

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے رنگ جما دیا،لاہور میں موسلا دھار بارش
August 19, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادلوں نے رنگ جما دیا ، لاہور میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں پر قدرت مہربان ہو گئی ، کہیں بوندا باندی تو کہیں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے گرمی اور حبس کی چھٹی کرا دی ۔ لاہور میں ٹاؤن شپ،جوہرٹاؤن،گلبرگ،ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں ابر رحمت جم کے برسا۔

سیالکوٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسم نے انگڑائی لی اور بارش کی چھینٹوں نے موسم رنگین بنا دیا،جبکہ موسلادھار سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

سانگلہ ہل میں رات کے اوقات میں بادل خوب چمکے جو صبح کے اوقات میں زمین پر آ گئے اور موسم خوشگوار بنا دیا،پنڈی بھٹیاں میں بھی تیز بارش ہوئی جبکہ نارووال میں ابر کرم سے قدرت کا ہر رنگ نکھر گیا۔

منڈی بہاؤالدین میں تیز بارش نے انتظامیہ کا پول کھول دیا اور نکاسی آب نہ ہونے کے باعث گاڑیاں خراب ہو گئیں،گوجرانوالہ میں وقفے وقفے کے ساتھ کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی،حافظ آباد میں بادلوں نے خوب رنگ جمایا،پھالیہ اور علی پور چٹھہ میں بھی بارش ہوئی۔