Friday, May 10, 2024

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے گرمی کو چھٹی پر بھیج دیا

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے گرمی کو چھٹی پر بھیج دیا
May 11, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے گرمی کو چھٹی پر بھیج دیا، تیز ہواؤں کی وجہ سے سیکڑوں فیڈر ٹرپ ہوگئے جس سے بجلی بند ہوگئی، پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوئی۔ پنجاب میں ابر کرم جم کر برس پڑے، لاہور اور گردونواح میں بارش اور تیز ہواؤں نے موسم خوشگوار بنادیا، بارش اور آندھی کے باعث لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہوگئے جس سے بجلی غائب ہوگئی۔ حافظ آباد شہر اور مضافات میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے متعدد فیڈر ٹرپ ہوئے اور بجلی بند ہوگئی، جلالپور بھٹیاں، منڈی بہاء الدین، فیروز والا، کامونکی، گجرات، کھاریاں اور دیگر شہروں میں بھی بادل جم کربرسے۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، میانوالی، بھکر، ٹبہ سلطان پور، شجاع آباد اور دیگر شہروں میں بادل برسے تو گرمی سے جان چھوٹ گئی،علی پور میں آسمانی بجلی گرنے سے14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔ خیبرپختونخوا میں بارش اور طوفان کی وجہ سے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، صوابی، مردان، خیبر، بنوں سرکلز اور آزاد کشمیر میں بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اکثر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، جنوبی پنجاب اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔