Tuesday, April 16, 2024

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے تباہی مچادی ، حادثات میں 14افراد جاں بحق

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے تباہی مچادی ، حادثات میں 14افراد جاں بحق
July 21, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھرمیں طوفانی بارش نے کئی گھرانوں پر قیامت ڈھا دی، چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 14افراد جان سے گئے، متعدد زخمی۔ اسلام آباد کی ایکسپریس وے دریا بن گئی،دادو میں ندی نالوں میں طغیانی ،12سے زائد دیہات زیرآب آگئے۔

پنجاب میں مون سون کا طوفانی اسپیل ، چوبیس گھنٹے سے جاری بارش نے کئی گھروں کے چراغ بجھا دیے ،چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 14 افراد جاں بحق ،،کئی زخمی ہوگئے۔

تاندلیانوالہ میں بارش نے قیامت ڈھا دی،مکان کی چھت گرنے سے خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے سات افراد ابدی نیند سو گئے جب کہ 2افراد زخمی بھی ہوئے ۔ فیصل آباد میں بھی عباس روڈ پرگھرکی خستہ حال چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر 3 بہن بھائی جاں بحق  جب کہ ماں اور دو بچوں سمیت 4افراد زخمی ہوگئے۔

عارف والا کے علاقے جمن شاہ میں بھی چھت گرنے سے  خاتون جاں بحق جب کہ شوہر اور دو بچے زخمی ہوگئے ۔ ملتان میں قذافی چوک کے قریب چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ وہاڑی میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے  2افراد  موت کی وادی میں چلے گئے۔

دادو میں کیرتھرکےپہاڑوں پر  شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ،نئی گاج،نئی نلی،نئی ہلیلی سمیت مختلف ندیوں میں پانی کی سطح  بلند،،سیلابی ریلا کاچھو میں داخل ہوگیا جس سے درجن سے زائد دیہات بھی زیر آب آگئے۔

موسلا دھار بارش نے اسلام آباد کی ایکسپریس وے کو دریا میں تبدیل کردیا،فضائیہ کالونی کےمقام پر سڑک پانی میں ڈوب گئی،،جب کئی گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔

لاہور ،چیچہ وطنی،رینالہ خورد،سانگلہ ہل اور وہاڑی سمیت کئی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی،کراچی میں بھی مختلف علاقوں میں رات سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر کراچی میں بھی آسمان پر بادلوں کے ڈیرےہیں ، رات گئے مختلف علاقوں میں بوندا باندی  سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی جس سے موسم خوش گوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق  شہرمیں آج بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور شام کے وقت بوندا باندی کاامکان ہے۔