Thursday, March 28, 2024

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، لاہور میں بادلوں کا راج

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، لاہور میں بادلوں کا راج
July 9, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جب کہ لاہور میں بادلوں  کا راج ہے ، ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا ،  محکمہ موسمیات نے کئی شہروں میں بادل برسنے کی نوید سنا دی۔ پنجاب میں  کہیں بارش تو کہیں گہرے بادلوں کا راج  ہے  جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا،شدید حبس کے بعد موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ گوجرانوالہ میں موسلادھار بارش ہوئی ، ظفروال میں بھی بادل کھل کے برسے جس سے جل تھل ایک ہوگیا، کئی علاقوں میں بجلی بندہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ جہلم اور شکر گڑھ میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،لاہور میں بھی بادلوں کا راج ہے ، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سہانا ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواوں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ راولپنڈی،لاہور،سرگودھا، پشاور،مالاکنڈ،ہزارہ،کوہاٹ،مردان میں بھی بادل برسیں گے۔