Thursday, May 9, 2024

پنجاب کے سرکاری و نجی اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ختم

پنجاب کے سرکاری و نجی اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ختم
January 13, 2020
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب کے سرکاری و نجی اسکولوں میں اضافی تعطیلات بھی ختم ہو گئیں، بارش کے باعث اسکولوں میں حاضری کی شرح انتہائی کم رہی،طلبہ و طالبات بوجھل قدموں سے اسکول پہنچے۔ بچوں کی موج مستیاں ختم ہو گئیں  ، صوبائی حکومت کی جانب سے دی گئیں اضافی تعطیلات بھی ختم ہو گئیں،تعطیلات ختم ہونے کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری و نجی اسکول دوبارہ کھل گئے ، لیکن اسکولوں میں حاضری کی شرح پوری کرنے میں بارش ایک دفعہ پھر آڑے آگئی۔ پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت لاہور میں رات سے شروع ہونے والی بارش نے سردی میں بھی اضافہ کر دیا،پنجاب حکومت کی جانب سے بیس دسمبر سے پانچ جنوری تک سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ، چھ جنوری کو اسکول کھلے تو بارش اور سردی میں اضافے کے بعد وزیر تعلیم نے چھٹیاں بارہ جنوری تک بڑھا دیں۔ اضافی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد اسکول دوبارہ کھلے تو بارش کی وجہ سے طلبہ و طالبات کو مشکلات کا سامنا رہا،اسکولوں میں حاضری کی شرح انتہائی کم رہی، اساتذہ بھی خالی کلاسز میں طالبعلموں کی راہ تکنے لگے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا امکان ہے،جو خشک سردی کا خاتمہ اور موسمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لئےخوشی کا باعث بنے گی۔