Wednesday, May 8, 2024

پنجاب کے زیادہ مثبت کیسز والے علاقوں میں 22 ستمبر تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا، این سی او سی

پنجاب کے زیادہ مثبت کیسز والے علاقوں میں 22 ستمبر تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا، این سی او سی
September 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پنجاب کے زیادہ مثبت کیسز والے علاقوں میں 22 ستمبر تک لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

سیکرٹری عمران سکندر کی ہدایات پر زیادہ شرح والے ایریاز میں 22 ستمبر تک لاک ڈاون نافذ رہے گا۔ زیادہ شرح والے 5 اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور گجرات شامل ہیں۔ زیادہ شرح والے اضلاع میں 16 سے 22 ستمبر تک درج ذیل پابندیاں ناٖفذ رہیں گی۔

کاروباری مراکز رات 8 بجے تک بند ہوں گے۔ ہفتے میں دو روز جمعہ اور ہفتے کے دن چھٹی ہو گی۔ انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی، آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 11:59 تک اجازت ہو گی۔ انڈور شادیوں پر پابندی، آؤٹ ڈور شادیاں صرف 400 افراد کے ساتھ ہو سکیں گی۔ تمام انڈور تقریبات پر پابندی جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 400 افراد کے آنے کی اجازت ہو گی۔ مزارات بند رہیں گے۔ نجی و سرکاری دفاتر میں 50 فیصد افراد کی گنجائش کے ساتھ کام کی اجازت ہو گی۔ تعلیمی ادارے ہفتے میں 6 دن مگر 3 دن پہلے 50 فیصد اور باقی 3 دن دوسرے 50 فیصد طلباء کے ساتھ کھل سکیں گے۔

 

سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کے مطابق کم شرح والے اضلاع میں 16 سے 30 ستمبر تک درج ذیل پابندیاں ناٖفذ رہیں گی ۔

مارکیٹ اور بازاروں کے 10 بجے تک اوقات کار رہیں گے۔ ہفتے میں صرف ایک روز چھٹی ہوا کرے گی۔ انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ رات 11:59 تک جبکہ انڈور ڈائننگ کی اجازت صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو ہو گی۔ انڈور شادی کی تقریبات صرف 200 ویکسی نیٹڈ افراد کے ساتھ جبکہ آؤٹ ڈور میں 400 افراد کی اجازت ہو گی۔ انڈور اجتماعات صرف 200 ویکسی نیٹڈ افراد کے ساتھ جبکہ آؤٹ ڈور میں 400 افراد کی اجازت ہو گی۔ مزارات پر 30 سال سے زائد عمر کے ویکسی نیٹڈ شہری ہی جا سکیں گے۔ 100 فیصد حاضری کے ساتھ عام ورکنگ آورز کی اجازت ہو گی۔

مندرجہ ذیل تمام ہدایات دونوں زیادہ اور کم شرح والے اضلاع کے لیے یکساں ہیں۔

سینما بند رہیں گے۔ کانٹیکٹ اسپورٹس پر مکمل پابندی ہو گی۔ صرف ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے انڈور جمز کی اجازت ہو گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چل سکے گی۔ تمام قسم کی اشیاء خورونوش کی دوران سفر اجازت نہیں ہو گی۔ ریلوے 70 فیصد گنجائش کے ساتھ چل سکے گی۔ تفریحی مقامات 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھل سکیں گے۔ اسمارٹ اور مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے گی۔ ماسک کی پابندی لازم ہے۔ کنٹرولڈ سیاحت کی اجازت ہو گی۔ اندرون ملک سفر کے دوران اشیاء خورونوش دینے پر پابندی ہو گی۔ بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں پر موجودہ پالیسی کا اطلاق ہو گا۔

ادھر سندھ میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد پابندیوں میں نرمی کر دی گئی۔ محکمہ داخلہ سندھ کا نیا حکم نامہ جاری ہو گیا جس کے مطابق تجارتی مراکز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ نئے کاروباری اوقات کا اطلاق کراچی سمیت سندھ بھر میں ہو گا۔ ان ڈور ڈائننگ رات 12 بجے تک ہو گی۔ ویکسی نیشن کارڈ ہمراہ رکھنا لازمی قرار دیا گیا۔