Thursday, May 9, 2024

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں گہری دھند، حادثات میں دوافراد جاں بحق

پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں گہری دھند، حادثات میں دوافراد جاں بحق
December 18, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہورسمیت پنجاب کے بیشترمیدانی علاقے دھند میں گم ہو گئے ، حدنگاہ انتہائی کم رہ گئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ، لاہورایئرپورٹ پرفلائٹ شیڈول بھی متاثر ہے ، موٹروے ایم 2 لاہورسے کوٹ مومن،پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد،گوجرہ، ایم تھری لاہور سے سمندری تک بند کر دئی گئی،دھند کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ11افرادزخمی ہو گئے۔ لاہور سمیت پنجاب  کے بیشترمیدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آ گئے ، شدیددھند  کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ، موٹروے ایم 2 لاہورسے کوٹ مومن،پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباداورگوجرہ، ایم تھری لاہور سے سمندری تک بند کر دی گئی،،،  قومی شاہراہوں پر بھی ہر طرف دھند ہی دھند  ہے۔ ملتان،قصور،گجرات، گوجرانوالہ، مریدکے، شیخوپورہ، شرقپورشریف،  پتوکی،چیچہ وطنی،چشتیاں ،رینالہ خورد، پل جوڑیاں ،اختر آباد ، شیرگڑھ ،ستگھرہ اورچوچک میں  شدید دھند کے باعث شہریوں کو سفرمیں مشکلات کا سامنا ہے ، لاہورایئرپورٹ پرشدید دھند کے باعث 5 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ 10 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں ۔ سندھ کے اضلاع نواب شاہ  اورخیر پورمیں بھی شدید دھند کے باعث  مہران ہائی وے پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے،دوڑ باندھی، جام صاحب اورسکرنڈ میں حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی۔ شدیددھند کے باعث لاڑکانہ ہائی وے پرکارالٹنے سے2افرادجاں بحق  ایک زخمی  ہو گیا جبکہ دیگر حادثات میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ دھند کی شدت میں کمی کے باعث للہ انٹرچینج سے کوٹ مومن انٹرچینج تک موٹروے کھول دی گئی ہے تا ہم موٹروے پولیس  نے شہریوں کوفوگ لائٹس استعمال کرنے اورغیرضروری سفر سے گریزکی ہدایت کی ہے، دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔