Thursday, May 9, 2024

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی گیس بحران قابو سے باہر

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی گیس بحران قابو سے باہر
December 31, 2019
کراچی (92 نیوز) پنجاب کے بعد سندھ میں بھی گیس بحران نے ایسا سر اٹھایا کہ قابو سے باہر ہوگیا ہے۔ کراچی سمیت صوبے کے سی این جی اسٹیشنز کو آج بھی گیس فراہم نہیں ہوسکی اور مزید 24 گھنٹے کیلئے فلنگ اسٹیشنز بند رہیں گے۔ جبکہ صنعتوں کو بھی دوبارہ گیس بندش سے پیداواری عمل رک گیا ہے۔ سندھ میں سردی کا زور ہوتے ہی گیس بحران بھی شدت اختیار کرگیا ۔۔ سی این جی اسٹیشنز کو آج سے گیس کی فراہمی بحال ہونی تھی، لیکن تالے کھلنے کی بجائے مزید 24 گھنٹے تک لگے رہیں گے۔ سی این جی فلنگ اسٹیشن نہ کھلے تو کراچی کی سڑکوں پر بسیں تو جیسے غائب ہوگئیں اور دستیاب بسوں پر پاؤں رکھنے کی جگہ نہ ملی تو شہری لٹکے نظر آئے ۔۔ پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہونے سے آفس اور کام پر جانے والے شہری رُل گئے ۔۔ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام مشکل ہوگیا اور سی این جی کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے لگے۔ سی این جی کے ساتھ ہی صنعتی شعبہ بھی گیس بحران کا شکار ہوگیا ۔۔ اور میٹر زیرو پر آگئے۔ کورنگی اور سپر ہائی وے انڈسٹریل میں گیس کی فراہمی متاثر ہونے سے پیداواری عمل رک گیا۔