Tuesday, April 23, 2024

پنجاب کے بجٹ کا مجموعی حجم 2 ہزار 381 ارب رکھنے کی تجویز

پنجاب کے بجٹ کا مجموعی حجم 2 ہزار 381 ارب رکھنے کی تجویز
June 14, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب کا بجٹ تیاری کے حتمی مراحل میں داخل ہوگیا، مجموعی حجم 2 ہزار 381 ارب روپے رکھنے کی تجویزدیدی گئی۔ جاری اخراجات کیلئے 1780ارب روپے مختص کئے جائیں گے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 287 ارب روپے ہوگا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کی بھی تجویزدی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترجیح دی جائے گی، پرائمری ہیلتھ کو 13 فیصد اضافے سے 123 ارب، اسپیشلائزڈ ہیلتھ کو 7 فیصد اضافے سے 130 ارب جبکہ کورونا کے خلاف خدمات پر ہیلتھ پروفیشنلز کے لئے 9 ارب روپے کے الائونس مختص دینے کی تجویز ہے۔ پولیس کو 17 فیصد اضافے سے 132 ارب دینے کی تجویز ہے۔ اسکول ایجوکیشن کے لئے 18 فیصد اضافے سے 323 ارب مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔ ہیلتھ پروفیشنلز کی 8519 آسامیوں پر بھرتی کی تجویز دی گئی۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لئے 30 ارب کا پیکج دینے کی تجویز ہے۔ پنجاب بجٹ میں 15 ارب کا ٹیکس ریلیف پیکج دینے کی بھی تجویز دی جا رہی ہے۔ بجٹ کی ابتدائی منظوری کے لئے کابینہ اجلاس میں پیش ہو گا۔ کابینہ اجلاس کی منظوری کے بعد بجٹ اسمبلی میں پیش ہوگا۔