Friday, March 29, 2024

پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز

پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز
May 25, 2016

لاھور (92 نیوز) – پنجاب کے نئے مالی سال دو ہزار سولہ سترہ کیلئے بجٹ کا ابتدائی تخمینہ لگا لیا گیا۔ کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز۔ بجٹ میں کوئی میگا پراجیکٹ زیر غور نہیں۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو مکمل کیا جائیگا

پنجاب کے آئندہ مالی سال دو ہزار سولہ ۔سترہ کیلئے بجٹ کا ابتدائی تخمینہ لگ بھگ 1650 ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں قابل تقسیم محاصل کی مد میں ایک ہزار ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔ صوبائی آمدنی کا تخمینہ 285 ارب روپے ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پنجاب کے نئے بجٹ میں مجموعی اخراجات جاریہ کا تخمینہ 1200 ارب روپے جبکہ ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 450 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز ہے تاہم صوبائی ٹیکس وصولی کا ہدف 185 ارب روپے اور صوبائی غیر محاصل آمدنی کا ہدف 100 ارب روپے مقرر کئے جانے کی تجویز ہے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ وفاق کی جانب سے کئے گئے اضافے کے مطابق کیا جائیگا۔

بجٹ میں کوئی میگا پراجیکٹ زیر غور نہیں ہے۔اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کو مکمل کیا جائیگا۔ تعلیم ، صحت ،، مواصلات سمیت دیگر محکموں کی نئی ترقیاتی ا سکیمیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل ہونگی۔