Thursday, May 9, 2024

پنجاب کے 20 بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں 77 وینٹی لیٹرز عرصہ سے خراب

پنجاب کے 20 بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں 77 وینٹی لیٹرز عرصہ سے خراب
April 13, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب کے 20 بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں 77 وینٹی لیٹرز عرصہ دراز سے خراب ہیں ، کورونا سمیت دیگر بیماریوں کے مریضوں کا علاج معالجہ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ، لاہور کے اسپتالوں میں 26 وینٹی لیٹرز کام سے جواب دے چکے ، جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی علاج گاہ نشتراسپتال کے حالات بھی زبوں حالی کا شکار ہے ۔

پنجاب کے 20 بڑے ٹیچنگ اسپتالوں میں 77 وینٹی لیٹرز عرصہ دراز سے خراب پڑے ہیں، وینٹی لیٹر خراب ہونے پر کورونا سمیت دیگر بیماریوں کے مریضوں کا علاج معالجہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، نشتر اسپتال ملتان میں 20 وینٹی لیٹرز نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے جب کہ شیخ زید اسپتال رحیم یار خان میں 9 وینٹی لیٹرز جواب دے چکے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق  لاہور کے اسپتالوں میں 26 وینٹی لیٹرز غیر فعال ہیں ،  میو اسپتال میں  3، شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال  میں  2، پی آئی سی  میں  4، نواز شریف اسپتال میں  2، لاہور جنرل اسپتال میں   4، لیڈی ولنگڈن اسپتال میں ایک وینٹی لیٹر ، کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں  2، جناح اسپتال میں 6 اور سر گنگا رام اسپتال میں 2 وینٹی کام نہیں کر رہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی  خان میں ایک اور چودھری پرویز الہٰی انسٹی آف کارڈیالوجی میں 6 وینٹی کام کرنے سے قاصر  ہیں ،  سردار بیگم اسپتال سیالکوٹ میں 3 ، علامہ اقبال میموریل اسپتال سیالکوٹ میں ایک  وینٹی لیٹر خراب ہے۔

عزیز بھٹی اسپتال گجرات میں 2،ہولی فیملی اسپتال میں 5 اور بے نظیر بھٹو اسپتال میں 3 وینٹی لیٹرز مریضوں کو علاج دینے سے محروم ہیں۔  الائیڈ اسپتال فیصل آباد اور سول اسپتال بہاولپور میں ایک ایک وینٹی لیٹر خراب ہے۔