Friday, April 19, 2024

پنجاب کابینہ سے متعلق اجلاس ،وزیراعظم کی پنجاب حکومت کو کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت

پنجاب کابینہ سے متعلق اجلاس ،وزیراعظم کی پنجاب حکومت کو کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت
August 26, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) وزیراعظم پاکستان نے پنجاب حکومت کو کفایت شعاری کی ہدایت دے دی ، کابینہ کے انتخاب کیلئے40امیدواروں کے انٹرویوز کئے گئے ،  پہلے مرحلے میں15وزراء حلف اٹھائیں گے جبکہ  کرپشن ثابت ہونے پر وزارت اور پارٹی رکنیت سے فارغ کردیا جائےگا، روڈ میپ پر عملدرآمد کے لئے نعیم الحق کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی۔ بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا  جس میں پنجاب کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔ وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر وزیر کوایک گاڑی ملے گی ، سویڈش ماڈل کی گورننس کا منصوبہ بھی تیار  کیا گیا جب کہ ادارہ جاتی کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب ، ایف آئی اے،  اینٹی کرپشن، ایف بی آر کو متحرک کرنے کا بھی فیصلہ  ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو کفایت شعاری اپنانے اور وزارتوں میں چیک اینڈ بیلنس رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خراب کاکردگی والوں کو پہلے وارننگ، پھر وزارت سے فارغ کردیا جائےگا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو عوام کے لیے آئیڈیل ہونا چاہیے ، عوام تبدیلی چاہتے ہیں ہم تبدیلی لا کر دکھائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق  پہلے مرحلے میں پنجاب کابینہ کے 15 وزیر حلف اٹھائیں گے، جب کہ محمودالرشید وزیر ہاؤسنگ، میاں اسلم اقبال سمال انڈسٹری، فیاض الحسن چوہان وزیراطلاعات، ڈاکٹر یاسمین راشد کو صحت اور عبدالعلیم خان بلدیات کےمتوقع وزیر ہوں گے۔ ذرائع کےمطابق گڈ گورننس پرعملدرآمد یقینی بنانے کے لئے نعیم الحق کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی۔ وزیراعظم  نے وزارتوں اور ڈویژنوں میں سالانہ کارکردگی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کردی ۔یہ رپورٹس قومی، صوبائی اسمبلیوں اور سینٹ میں پیش کی جائیں گی۔