Friday, April 26, 2024

پنجاب کی طرح سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کیلئے خاندانی سیاست عروج پر

پنجاب کی طرح سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات کیلئے خاندانی سیاست عروج پر
October 31, 2015
کراچی (92نیوز) آج سندھ کے بھی آٹھ اضلاع میں بلدیاتی الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔ سندھ میں پنجاب کی طرح خاندانی سیاست کا طوطی بول رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے بیٹے فاروق شاہ سکھر سے پہلے ہی بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو چکے ہیں۔ سینیٹر اسلام الدین شیخ کے بیٹے ارسلان شیخ اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کے بیٹے کمیل حیدر شاہ بھی امیدوار ہیں۔ صوبائی وزیر منظور وسان کے بھتیجے منور علی خیرپور کی یونین کونسل جسکانی سے ڈسٹرکٹ کونسلر کی نشست پر امیدوار ہیں۔ خیرپور میں قائم علی شاہ کے بھتیجے امجد علی شاہ جیلانی وارڈ نمبر نو سے جنرل کونسلر کی نشست پر انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ شکار پور سے سابق سپیکر سندھ اسمبلی غوث بخش خان کے بیٹے عارف خان یونین کونسل پچاس سے آزاد حیثیت سے پیپلز پارٹی کے غلام سرور کے ساتھ مدمقابل ہیں۔ سابق وفاقی وزیر اعجاز جاکھرانی کے چچا زاد بھائی غلام عباس جا کھرانی جیکب آباد میں وارڈ نمبر پچیس سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ گھوٹکی میں سابق وزیر مملکت خالد احمد خان کے بیٹے شہباز احمد خان وارڈ نمبر تین سے جنرل کونسلر کی سیٹ پر آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری طرف گھوٹکی میں ہی صوبائی وزیر جام مہتاب ڈہر کے بھتیجے جام یاسر آفتاب ڈہر وارڈ نمبر نو سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کھڑے ہیں۔ سابق رکن قومی اسمبلی سردار نواب شبیر احمد خان چانڈیو کے بیٹے برہان خان ضلع کونسل قمبر شہداد کوٹ کی یونین کونسل میر پور سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔