Thursday, April 18, 2024

پنجاب کی سیاست میں ق لیگ متحرک، 42 اہم سیاسی اور سماجی شخصیات کی شمولیت

پنجاب کی سیاست میں ق لیگ متحرک، 42 اہم سیاسی اور سماجی شخصیات کی شمولیت
March 6, 2020
لاہور (92 نیوز) پنجاب کی سیاست میں ق لیگ متحرک ہوگئی، مسلم لیگ ق کو پنجاب میں مزید کامیابیاں مل گئیں۔ 11 سابق ناظمین، نائب ناظمین سمیت 42 اہم سیاسی اور سماجی شخصیات ق لیگ میں شامل ہوگئیں۔ 11 مختلف بار کے موجودہ اورسابق عہدیداروں نے بھی ق لیگ کا پلیٹ فارم چن لیا، حافظ آباد سے سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اسد عباس شاہ بھی پارٹی میں شامل ہوگئے۔ شامل ہونے والے کچھ رہنماؤں کا تعلق تحریک انصاف اور کچھ آزاد سیاسی حیثیت رکھتے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ق کے دروازے چھوڑ کر جانے والوں کے لئے کھلے ہیں، جانے والے لوٹ کر اپنے سیاسی گھر مسلم لیگ ق میں واپس آسکتے ہیں، لوٹ کر واپس آنے والوں کو خوش آمدید کہا جائے گا، ق لیگ عوام کی سیاست کرتی ہے، عوام کی خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب میں بھر پور حصہ لیں گے، مسلم لیگ ق میدان میں آچکی ہے، پارٹی میں مزید سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کے حوالے سے سر پرائز دیتے رہیں گے، شامل ہونے والوں کو بلدیاتی انتخاب میں اہم عہدوں پر انتخابی میدان میں اتاریں گے۔ حکومتی محاذ اور سیاسی جوڑ توڑ میں ساتھیوں کو ہمیشہ ساتھ لیکر چلے ہیں۔