Thursday, April 25, 2024

پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار گندم کی ریکارڈ خریداری کی گئی ، عثمان بزدار

پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار گندم کی ریکارڈ خریداری کی گئی ، عثمان بزدار
June 30, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار گندم کی ریکارڈ خریداری کی گئی۔ عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی سے بجٹ 2020-21 ء منظور ہونے کے بعد ایوان سے خطاب میں کہا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا سب سے بڑا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کا تقرر کر دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے لئے 33 فیصد بجٹ کی رنگ فینسنگ کی گئی ہے۔ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے بجٹ میں ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ الفاظ کی جادوگری نہیں حقیقت پسندانہ بجٹ پیش کیا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کی قابل تقلید مثال قائم کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیکس ریلیف بجٹ پیش کر کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں ۔ ڈویلپمنٹ بجٹ میں 5 فیصد، لوکل گورنمنٹ بجٹ میں 10 ارب روپے اور اقلیتیوں کے بجٹ میں 6 فیصد اضافہ کیا ہے۔ ہیلتھ کے بجٹ میں 38 فیصد اور تعلیم کے بجٹ میں 18 فیصد اضافہ کیا ہے ۔ اگلے سال کے بجٹ میں سٹیزڈویلپمنٹ پروگرام جاری رہے گا ۔ عثمان بزدار نے کہا پنجاب میونسپل سروسز پروگرام اور دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹ جاری رہیں گے ۔ 32 ارب روپے کی لاگت سے 16 چھوٹے بڑے شہروں میں بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ 61 ارب کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور نہ کر کے کفایت شعاری کی مثال قائم کی ۔ وزیر اعلی آفس کے اخراجات میں 37 فیصد کمی کی گئی ہے ۔ ہم نے گزشتہ حکومت کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بند کرنے کی روایت کا خاتمہ کیا ۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بولے پنجاب میں بہت جلد مزید میگا پراجیکٹ بھی آئیں گے ۔ میرٹ، گڈ گورننس اور عوام کو انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ ہر صورت میں میرٹ، میرٹ اور صرف میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے ۔ ہماری حکومت میں سیاسی اور انتظامی ٹیم عوام کے سامنے جوابدہ ہے ۔ عوام کی خدمت کے لئے آیا ہوں اور خود کو بھی عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتا ہوں ۔ سردار عثمان بزدار نے کہا معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ وزیراعظم کے معاشی اقدامات کے مثبت اثرات عوام بہت جلد دیکھیں گے ۔ پنجاب 12 کروڑ عوام کا بہت بڑا صوبہ ہے، مسائل کے حل کے لئے بہت وسائل درکار ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پنجاب میں صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہے ۔ صوبے میں پروٹوکول کلچر کے خاتمے کی جانب گامزن ہیں ۔ پسماندہ اور محروم عوام کی خوشحالی کے لئے شب وروز محنت کر رہے ہیں ۔